بھٹکل 18 اگست (ایس او نیوز) منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو سڑک حادثہ میں زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہونے والے ولکی کے انصار بونگیا (35) کی نماز جنازہ بدھ بعد نماز عصر ولکی جامع مسجد میں ادا کی گئی اور پرانے قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ اس موقع پر جنازے میں سینکڑوں لوگ شریک تھے۔
بھٹکل سے مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی اور سابق نائب صدر عنایت اللہ شاہ بندری بھی جنازے میں شریک ہوئے اور گھر پہنچ کر والد و دیگر اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے نوجوان انصار کی اچانک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی۔
جناب عبدالرقیب ایم جے ندوی نےبتایا کہ مرحوم انصار نہایت فعال اور سرگرم نوجوان تھا سماجی کام کاج میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا تھا، دوسروں کی مدد کرنے میں پیش پیش رہتا تھا، اس کی موت پر انہوں نے نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کے حق میں مغفرت کی دُعا کی اور گھروالوں کو صبر کرنے کی تلقین کی۔
یاد رہے کہ ہوناور سے ولکی اپنے گھر جانے کےدوران مخالف سمت سے آنے والی ایک کار کسی جانور کو بچانے کی کوشش میں انصار کی بائک سے ٹکراگئی تھی، جس کے نتیجے میں انصار شدید زخمی ہوگیا تھا اور اسے منی پال لے جایا گیا تھا، مگر دیر رات کو انصار زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا تھا۔ بائک پر سوار ایک اور نوجوان بھی حادثے میں زخمی ہوا ہے جس کا کنداپور اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
پہلے شائع شدہ خبر:
ہوناور میں کار کی ٹکر میں بائک سوار جاں بحق، دوسرا زخمی؛ ولکی جانے کے دوران پیش آیا حادثہ